بھٹکل:2/جولائی (ایس اؤنیوز)اُڈپی کے شری کرشنا مٹھ میں پیجاور مٹھ سوامی جی کی طرف سے منعقد کی گئی افطار پارٹی کی شری رام سینا بھٹکل نے مذمت کی ہے۔
اتوار کو سینا کے ممبران نے بندر روڈ پر واقع شری ناگ ماستی مندر میں علامتی بھجن کرتے ہوئے مٹھ میں ہوئے افطار پارٹی کی مخالفت میں نعرے بازی کی ۔ بھارت میں گاؤ ذبیحہ جاری ہے ، فوجیوں پر پتھراؤ ہورہاہے ، پاکستان کے حق میں نعرے لگائے جارہے ہیں ان حالات میں بھائی چارگی کے نام پر افطار پارٹی کا اہتمام کرنا ملک کے لئے ایک داغ ہے۔ہندو دھرم کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے پیجاور مٹھ کے سوامی جی نے گوپالک شری کرشنا کے سامنے افطار کے لئے موقع فراہم کرناصحیح نہیں ہے ، آئندہ دنوں میں ایسے کسی پروگرام کو منعقد کرتے ہیں تو سخت احتجاج کرنے کی دھمکی دی ۔ اس موقع پر سینا کے ضلعی صدر جینت نائک، شری دھر نائک، انپا نائک، ناگیش نائک، موہن ، آنند ، راجیش ، وشو ، پنڈلک پائی ، شری دھر ہری کانت، رام داس نائک، سومنت، اُدئیے ، شیکھر وغیرہ موجود تھے۔